مرکزی بینک کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز نہیں کرسکتا،گلین سٹیونز

بدھ 10 اگست 2016 16:24

سڈنی ۔ 10 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 اگست۔2016ء)ریزرو بینک آف آسٹریلیا کے آئندہ ماہ سبکدوش ہونے والے گورنر گلین سٹیونز نے کہا ہے کہ انھیں عالمی برادری کے مالیاتی پالیسیوں پر انحصار پر گہرے تحفظات ہیں کیونکہ مرکزی بینک کسی بھی ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز نہیں کرسکتا۔گزشتہ روز ایک ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ عالمی اقتصادی بحران کے بعد دنیا بالخصوص ترقی یافتہ ملکوں کے مرکزی بینکوں نے اپنی مالیاتی پالیسیوں کو آسان بنایا تاکہ بڑی مقدار میں سرمایہ کاری کو ممکن بنا کر اقتصادی شرح نمو کو یقینی بنایا جاسکے اس کیلئے انھیں قرضوں پر سود کی شرح کو انتہائی کم اور اثاثوں کی خریداری بھی کرنی پڑی۔

انھوں نے کہا کہ قرضوں پر سود کی شرح صفر فیصد بلکہ منفی سطح پر کرنے جیسے اقدامات کے باوجود اقتصادی ترقی کا راستہ ابھی تک ناہموار ہے اور یہ ہتھیار اب غیر موثر ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ چیز ہرگز فرض نہیں کرسکتے کہ مالیاتی پالیسی اقتصادی ترقی کی رفتار ہماری خواہش کے مطابق تیز کردے گی بلکہ ہمیں حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

گلین سٹیونز نے کہا کہ قرضوں پر سود کی شرح کم کرنے کا مقصد لوگوں اور نجی کاروباری اداروں کو زیادہ سے زیادہ قرض فراہم کرنا ہے جو پہلے ہی قرضوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے بجائے حکومتیں خود قرضے حاصل کرکے انھیں طویل مدتی منصوبوں میں خرچ کرکے اقتصادی و پیداواری بہتری کیلئے کردار ادا کرے تاکہ ملکی مصنوعات کی بیرون ملک طلب میں اضافہ ہو۔