پاکستان پہلی بار ریسلنگ مقابلوں کا میزبان، بڑے ریسلرز نے شرکت کی تصدیق کر دی

بدھ 10 اگست 2016 14:22

پاکستان پہلی بار ریسلنگ مقابلوں کا میزبان، بڑے ریسلرز نے شرکت کی تصدیق ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء) ریسلنگ کے دیوانے ہو جائیں تیار۔ پاکستان میں پہلی بار عالمی سطح کے ریسلنگ مقابلے شروع ہونے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد لاہور اور کراچی میں اکھاڑے سجیں گے۔ 15ممالک کے 24ریسلر شرکت کرینگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار ہونے والے پرو ریسلنگ مقابلوں کی تقریب رونمائی 16 اگست کو اسلام آباد میں ہو گی جس میں سابق ورلڈ چیمپئن فلیش گارڈن برطانیہ کے ٹونی آئرن اور ہنگری کے آندرے روب سمیت پاکستان کے واحد ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر بادشاہ پہلوان خان شریک ہوں گے۔

تمام غیرملکی ریسلرز نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ مقابلوں کا باقاعدہ آغاذ دسمبر میں ہو گا۔ سب سے پہلا ریسلنگ شو اسلام آباد میں ہو گا۔ دوسرا شو لاہور میں 4 دسمبر کو جبکہ کراچی میں مقابلے 8 دسمبر کو کرائے جائیں گے۔مقابلوں کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ بادشاہ پہلوان خان پاکستان کی نمائندگی کرینگے جبکہ کل 24 ریسلرز اپنی فائٹ سے شائقین اور ناظرین کو محظوظ کرینگے۔