وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر

کم سے کم وقت میں بہترین نتائج لانے کی ہدایت ، ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کرنے کا فیصلہ دہشتگردوں کے خلاف پوری قوم متحد ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 10 اگست 2016 14:01

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست 2016ء ) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے ،۔ تفصیلات کے مطابق اس اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی ، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت اہم سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔

اجلاس میں سانحہ کوئٹہ پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے سانحہ کوئٹہ کے شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہچانے کے عزم کا اعادہ کرنے سمیت کوئٹہ سانحہ ممکنہ وجوہات پر بھی بات کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اس اجلاس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی اداروں کے مابین روابط کو مزید مضبوط کرنے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم نوا زشریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ملک میں جنگ جاری رہے گی ، انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمدکو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، دہشتگردوں کا ہر صورت قلع قمعہ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف ملک میں مزید سخت قوانین بنائے جائیں گے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف مزید سخت قوانین کی قانون سازی کے لیے وزیر اعظم نواز شریف وزارت قانون کو ہدایات جاری کریں گے۔ اور دہشتگردی میں ملوث ملزمان اور دہشتگردوں کی سزاؤں کو مزید سخت کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت تمام صوبوں کو وسائل فراہم کرے گا ۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت اس اجلاس میں انٹیلی جنس اداروں اور صوبائی حکومتوں کے مابین روابط کو مزید بہتر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

نیشنل ایکشن پلان پر آئندہ ڈھائی ماہ میں مکمل عملدر آمد بھی اس اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلوں میں شامل تھا۔ اجلاس کے شرکا نے انٹیلی جنس اداروں اورصوبوں کے مابین مکینزم کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ وزیر اعظم نوازشریف کی جانب سے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے بیس نکاتی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا دائرہ کار مزید وسیع کر کے صوبائی ایپکس کمیٹیوں کے اجلاس بھی بلائے جائیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ صوبائی ایپکس کمیٹیاں نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد کا باقاعدہ جائزہ لیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ مدرسہ اصلاحات کے تحت پہلے بھی پیش رفت ہوئی تاہم ہم اب بھی مدرسہ اصلاحات کے تحت رجسٹریشن کرنے کو تیار ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اجلاس کے فیصلوں سے متعلق ایوان کو تفصیلی آگاہ کریںگے ۔

وفاقی وزیر اجلاس میں کیے جانے والے تمام تر فیصلوں پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔اجلاس کے شرکا نے ملک میں جاری دہشتگردی میں ممکنہ طور پر ملوث بیرونی ہاتھ کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں جاری دہشتگردی میں اگر بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے شواہد ملے تو اس کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی تاکہ ملک میں دہشتگردی کے اس راستے کو روکا جا سکے۔

اجلاس میں ، انٹیلی جنس حکام کو آپس کی کوآرڈینشن کی ہدایت بھی کی گئی تاکہ ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے ہے جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کوو زیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر ایوان کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف کی شرکت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے

متعلقہ عنوان :