وفاقی دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خواشگوار ، چھتیں گرنے سے3 افراد جاں بحق،42زخمی

بدھ 10 اگست 2016 11:14

اسلام آباد /بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 اگست ۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خواشگوار ہوگیا ،بنوں میں طوفانی بارش نے تباہی مچا دی ، گھروں کی چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں 3افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہو گئے ، تیز بارش کی وجہ سے درخت بھی اکھڑ گئے اور بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی،محکمہ موسمیات نے آئندہ دوروز کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کر دی۔

بنوں اور گردو نواح میں صبح سویرے طوفانی بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔ تیز ہوائیں چلنے سے درخت اور سائن بورڈ گر گئے، نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ گھروں کی چھتیں گرنے اور مختلف حادثات میں3افراد جاں بحق اور بیالیس زخمی ہو گئے۔ بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے دریاوٴں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جس کی وجہ سے سیلاب کا خدشہ ہے۔لاہور میں بھی اب رحمت کھل کر برسا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور دفاتر جانیوالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسلام آباد سمیت میانولی ، کلرکہار ، شیخوپورہ ، جھنگ ، سرگودھا ، ڈسکہ ، ناروال اور پسرور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔

موسم تبدیل ہونے پر گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دودنوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مزید مون سون کی بارشیں ہونگی ۔ جمعہ تک کشمیر اور پنجاب کے اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ خیبرپختونخوا، فاٹا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان۔ بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ ڈویژن) اور شمال مشرقی بلوچستان (ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن) میں چند مقامات پربھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان۔

متعلقہ عنوان :