اے پی بی ایف کا بلند صنعتی پیداوارکیلئے گیس کی مستقل فراہمی پر زور

منگل 9 اگست 2016 21:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) آل پاکستان بزنس فورم نے صنعتی اور گھریلو صارفین کیلئے گیس کی مستقل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔پاکستان میں اس وقت گیس کی مجموعی پیداوار 4ارب کیوبک فیٹ یومیہ جبکہ طلب 6ارب کیوبک فیٹ یومیہ ہے اور اسی شارٹ فال کے باعث قوم گیس کے شدید بحران سے دوچار ہے ۔

آل پاکستان بزنس فورم نے گیس بحران کے خاتمے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 16ارب ڈالرز مالیت کے33ارب کیوبک میٹر گیس یومیہ کے تاپی منصوبے،3.75ملین کم لاگت ایل این جی کی درآمد اور750ایم ایم سی ایف ڈی کے پاک ایران گیس منصوبوں سے پاکستان میں نہ صر ف توانائی کی ضروریات طویل مدت تک پوری ہوسکیں گی بلکہ لوگوں کو سستی توانائی بھی میسر آسکے گی۔

(جاری ہے)

آل پاکستان بزنس فورم کے صدر ابراہیم قریشی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں حکومتیں اپنی بنیادی صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کی پابند ہیں تا کہ صنعتوں کا پہیہ چلا کر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ درآمدی اخراجات میں کمی کی جاسکے،ملک میں گیس کے مسلسل بحران کے باعث حکومت کو گیس کی حقیقی تقسیم کی حکمت عملی پر غور کرنا ہوگا جو کہ اس وقت ملک میں دستیاب سب سے سستا ایندھن ہے ،ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف بنیادی شعبوں کی ضروریات پوری ہوگی بلکہ زیادہ صنعتی اور زرعی آؤٹ پٹ سے ہم اپنی آنیوالی نسلوں کو بھی مستحکم ماحول فراہم کرسکیں گے۔

سال2014 کے اقتصادی سروے کی رپورٹ کے مطابق فرٹیلائزر سیکٹر ملک کی مجموعی گیس کا19فیصد استعمال کرتا ہے اور فرٹیلائزر کا شمار زرعی شعبے کی بنیادی جز کے طور پر ہوتا ہے ،فرٹیلائزر سیکٹر میں گیس کا استعمال بنیادی خام مال کے طور پر کیا جاتا ہے اور فرٹیلائزر سیکٹر کھاد تیار کرکے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔فرٹیلائزر سیکٹر کو سبسڈی پر گیس فراہمی کے ذریعے کسانوں کو سستی کھاد کے حصول میں مدد مل رہی ہے اور زرعی شعبہ ترقی کررہا ہے ۔