حکومت امن و امان برقرار کھنے کی بجائے صرف اخباری بیانات تک محدود ہے ، سینیٹر میراسراراﷲ زہری

منگل 9 اگست 2016 21:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر و سینیٹر میر اسرار اﷲ زہری نے حکومت میں خود کش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جائے ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے امن و امان کی بہتری کی بجائے حکومت صرف بیانات کی حد تک محدود ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیرستان آپریشن کے دوران بلوچستان کے سرحدی علاقوں کوسیل کیا جانا چاہئے تھے تاکہ دہشت گرد بلوچستان میں داخل نہ ہوسکتے لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ میر اسرار اﷲ زہری نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں جو شہریوں کی جانوں سے کھیل رہی ہیں قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے واقعات میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کریں۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہیدہونے والے وکلاء ،صحافیوں ا ور دیگر افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی (عوامی) شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :