دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہ قوم ہوتی ہے،عوام دہشت گردی کیخلاف متحد اور ہم آواز ہیں، نادرخواجہ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ

منگل 9 اگست 2016 21:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسپیکشن، انکوائریز اینڈ ایمپلی ٹیشن ٹیم نادر حسین خواجہ نے سانحہ کوئٹہ کی مذمت، واقعہ کے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہ قوم ہوتی ہے۔ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف متحد اور ہم آواز ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزررہا ہے لیکن عوام کا اتحاد و ہم آہنگی حوصلہ کن اور اطمینان بخش ہے اس لئے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل جائینگے لیکن اس ضمن میں ابھی بہت کام کرنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ہر بڑے واقعے کے بعد وزیر داخلہ کی گمشدگی اور نیشنل ایکشن پلان پر عدم عملدرآمد دہشت گردوں کی معاونت کے مصداق ہے۔

(جاری ہے)

جب تک نیشنل ایکشن پلان کو نواز لیگ ایکشن پلان کے طور پر چلایا جاتا رہیگا شریف برادران کی بادشاہت تو شاید کچھ عرصے کے لئے مزید گھسیٹی جاسکے لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ مشکل ہوتی جائیگی۔ اس لئے ملک وملت کے مفاد کی خاطر نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ نادر حسین خواجہ نے کہا کہ مشکل ودکھ کی اس گھڑی میں سندھ کے عوام ملک اور بلوچستان کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :