انٹی کرپشن نے چھاپہ مار کر ایکسائز کلرک کو شہری سے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا

منگل 9 اگست 2016 19:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) اینٹی کرپشن کا علامہ اقبال ٹاؤن میں واقع ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ریجن بی کے دفتر میں چھاپہ، انٹی کرپشن نے ایکسائز کلرک حاجی فضل دین کو شہری سے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے سرکل آفیسر سید زبیر اخلاق کی سربراہی میں علامہ اقبال ٹاؤن نرگس بلاک میں محکمہ ایکسائز کے دفتر میں چھاپہ مار کر ایکسائز کلرک حاجی فضل دین کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

انٹی کرپشن کی ٹیم نے ایکسائز کلرک فضل دین کی جیب سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لئے ہیں۔کلرک فضل دین نے ملتان روڈ پر واقع حسن ٹان کے رہائشی گلزار باجوہ کو پراپرٹی ٹیکس کی مد میں رعائیت دلوانے کے لئے رشوت لی۔ ایکسائز کلرک فضل دین کا موقف تھا کہ اسکی جیب سے برآمد ہونے والی رقم اس نے رشوت کی بجائے ٹیکس کے طور پر وصول کی ہے۔ سرکل آفیسر سید زبیر اخلاق کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی رقم بنک میں جمع ہوتی ہے ایکسائز کلرک مدعی سے پہلے بھی دس ہزار روپے رشوت وصول کر چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :