دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بے جا تنقید پاک امریکا تعلقات میں مشکلات پیدا کرسکتی ہیں چوہدری نثار

ویزوں کے اجراء میں متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جائے وزیر داخلہ کی پاکستانی سفیر کو ہدایت

منگل 9 اگست 2016 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بے جا تنقید پاک امریکا تعلقات اور مشترکہ مفادات کے حصول میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کویہاں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی سے ملاقات میں کہی ۔

(جاری ہے)

جس میں پاک امریکہ تعلقات اور پاکستان کے حوالے سے امریکی اہلکاروں کے حالیہ بیانات کے حوالہ سے گفتگو کی گئی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر بے جا تنقید دونوں ملکوں کے تعلقات اور مشترکہ مفادات کے حصول میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ ملاقات میں امریکی شہری میتھیو بیرٹ کو پاکستانی ویزہ کے اجراء کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ویزوں کے اجراء میں متعلقہ قواعد و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔