دنیا کو کشمیری عوام کی حالت زار اور جائز جدوجہد سے آگاہ کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا محمد نواز شریف

مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی نفی اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامیوں میں سے ایک ہے، وزیر اعظم کااجلا س سے خطاب

منگل 9 اگست 2016 19:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیری عوام کی حالت زار اور جائز جدوجہد سے آگاہ کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھوں گا۔ وہ منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے بارے میں تیاری اجلاس کی صدارت کررہے تھے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی نفی اقوام متحدہ کی مسلسل ناکامیوں میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، وہ ان کے مقصد کے حصول کیلئے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حمایت کیلئے ہر کوشش بروئے کار لائیں گے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی، امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی اور دیگر سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں شامل کئے جانے والے ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں وزیراعظم کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیر بدستور اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے لہٰذا بھارت کو احساس ہونا چاہئے کہ کشمیر اس کا داخلی نہیں بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی تشویش کا معاملہ ہے۔