اسلام آباد میں یوم آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری‘شہر کی بڑی مارکیٹوں سمیت چوکوں پر قومی پرچم بیچنے والوں نے سٹال لگا لیے

منگل 9 اگست 2016 19:41

اسلام آباد ۔ 9 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 اگست ۔2016ء) پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کو بھرپور طریقے سے منانے کے لئے اسلام آباد میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ۔ شہر کی بڑی مارکیٹوں سمیت چوکوں پر قومی پرچم بیچنے والوں نے سٹال لگائے ہیں ۔قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز اور دیگر مواد کی تیاری کیلئے چھاپہ خانوں اور کارخانوں میں ایڈوانس بکنگ پر کام جاری ہے، نوجوانوں نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر سبز ہلالی پرچم کی پینٹنگ کرانا شروع کر دیا ہیں۔

دوسری جانب بازاروں میں جگہ جگہ قومی پرچموں والی جھنڈیوں، بیجز، ٹوپیوں کی فروخت کیلئے سٹال سج گئے ہیں اور چھاپہ خانوں میں دن رات کام ہو رہا ہے۔ گلی محلوں اور گھروں کی چھتوں پر قومی پرچم اور سبز ہلالی جھنڈیاں آویزاں کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے بالخصوص بچوں میں جوش و جذبہ پایا جاتا ہے اور وہ اپنے گھروں کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے سجانے کے لئے تیاریاں کرتے نظر آ رہے ہیں۔

مختلف سماجی تنظیموں نے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی تقاریب کے اہتمام کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس حوالے سے سیمینارز، مباحثوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں تحریک آزادی کے قائدین کی زندگی اور کارناموں سے نئی نسل کو روشناس کرایا جائے گا۔ سرکاری اور نجی سطح پر خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی طرف سے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے خصوصی انتظامات اور پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا ، اہم سرکاری عمارتوں پر سی ڈی اے چراغاں کرے گا۔

۔ وفاقی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ یونین کونسلوں کی سطح پر بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام ہوگا اور قومی پرچم کے بیجز نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے جو جوش و جذبہ سے یوم آزادی منانے کے لئے اپنے سینوں پر آویزاں رکھیں گے۔ تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنوں پر مبنی خصوصی کیسٹس، سی ڈیز کی فروخت کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے بالخصوص نوجوانوں میں ایک نیا جذبہ اور ولولہ جاگزیں ہوتا ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں پر چلتی بعض گاڑیوں میں ملی نغموں کی دھنیں سنائی دیتی ہیں۔ دارالحکومت کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی شایان شان طریقہ سے منانے کیلئے ملی نغموں، تقاریر کے مقابلوں کی ریہرسل شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالہ سے خصوصی پروگرام مرتب کر لئے گئے ہیں۔ ٹیلی ویژن چینلز اور ریڈیو کے پروگراموں میں ملی نغموں کی دھنوں کا اضافہ اور خصوصی قومی پرچم والے لوگو کا استعمال ہورہا ہے ۔