مسائل کے باوجود جولائی 2016میں سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں ترسیل میں 12فیصد اضافہ

منگل 9 اگست 2016 19:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء)آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسو سی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2016میں سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں ترسیل 20لاکھ8 1ہزار ٹن رہی جوکہ جولائی 2015کے18لاکھ ٹن سے 12.38فیصد زیادہ ہے جبکہ سیمنٹ کی کل ترسیلات 24لاکھ83ہزارٹن رہی جوکہ گذشتہ برس کے22لاکھ60ہزارٹن کے مقابلے میں 9.82فیصد زیادہ ہے۔

جولائی 2016 میں ملک میں تعمیرات کا کام بہت سست رفتار رہا۔ تاہم اس کے باوجود سیمنٹ کی مقامی مارکیٹ میں خریدوفروخت میں تیزی دیکھی گئی جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر سیمنٹ کی پیداواری صنعت کو درپیش مسائل حل کیے جائیں تو اس کی ترقی مزید بہتر ہو سکتی ہے۔سیمنٹ کی برآمدات میں پچھلے سال کے مقابلے میں 0.06فیصد کمی ہوئی۔ سیمنٹ کی کل برآمدات جولائی2016میں 4لاکھ65ہزار102ٹن رہیں جبکہ جولائی 2015میں یہ برآمدات 4لاکھ65ہزار369ٹن تھیں ۔

(جاری ہے)

سیمنٹ کی افغانستان کو برآمد میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی۔ جولائی2016میں پاکستان کے سیمنٹ کی افغانستان کوترسیل 1لاکھ49ہزار666ٹن تھی جو کہ جولائی 2015کے1لاکھ77ہزار900ٹن سے کم ہے۔اس مہینے میں سیمنٹ کی برآمد دوسرے ممالک کو 1لاکھ77ہزارٹن تھی جو کہ پچھلے سال اسی مہینے کے2لاکھ44ہزار590ٹن سے کم ہے۔جولائی2016 میں نارتھ ریجن کی مقامی ترسیلات 16لاکھ67 ہزار ٹن رہیں جوکہ پچھلے سال اسی مہینے میں 15لاکھ7 1 ہزارٹن تھیں جبکہ ساوتھ ریجن میں3لاکھ 51ہزار ٹن رہیں جوکہ پچھلے سال اسی مہینے میں 2لاکھ79ہزارٹن تھیں۔

نارتھ ریجن کے سیمنٹ پیداواری یونٹس کی مقامی مارکیٹ میں ترسیل میں 9.85فیصد اضافہ ہوااور برآمدی مارکیٹ میں یہ اضافہ 11.82فیصد رہا۔ ساؤتھ ریجن کے پیداواری یونٹس کے سیمنٹ کی برآمد میں 17.02فیصد کمی دیکھی گئی لیکن مقامی مارکیٹ میں اس کی ترسیل میں 26.15فیصد اضافہ ہوا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچرز ایسو سی ایشن کے نمائندے کے مطابق سیمنٹ کی برآمد میں گزشتہ کئی سال سے مسلسل کمی دیکھی گئی ہے۔

2013-14 میں سیمنٹ برآمد 2.84فیصدکم تھی، 2014-15اس میں 11.57 فیصد کمی تھی اور 2015-16میں سیمنٹ کی برآمد میں مزید کمی دیکھی گئی جو کہ 18.38فیصد ہو گئی۔ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سیمنٹ بزنس کو عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے لیے فریٹ سبسڈی دینے کے ساتھ ساتھ دیگر مراعت بھی فراہم کرے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔اس سے سیمنٹ برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔سیمنٹ کی ترسیل میں کمی کی ایک وجہ بلو چستان ا یرانی اسمگلڈشدہ سیمنٹ کی فراہمی ہے۔ اس کی ترسیل سے انڈسٹری کو سالانہ 10 لاکھ ٹن سیمنٹ کا نقصان ہو رہا ہے۔ جو کہ بروقت اقدام سے روکا جا سکتا ہے۔