آرمی چیف کا ملک میں دہشتگردوں اور ان کے سلیپر سیلز کے خاتمے کیلئے بھرپور قوت سے ٹارگٹڈ آپریشنز کرنے کا حکم

اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا، شرکاء کو ملک کی مجموعی خارجی وداخلی سلامتی کی صورتحال اور جاری فوجی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،آئی ایس پی آر

منگل 9 اگست 2016 18:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 اگست ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملک میں دہشتگردوں اور ان کے سلیپر سیلز کے خاتمے کیلئے بھرپور قوت سے ٹارگٹڈ آپریشنز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پاکستان کی عدلیہ پر دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جو ضرب عضب کی کامیابیوں کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش ہے،مسلح افواج پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دے گی،صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے تربیت اوران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔

منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں کور کمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی،کانفرنس میں تمام کورکمانڈرز اور پرنسپل سٹاف آفیسرز نے شرکت کی،اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں سے اظہار ہمدردی کیا گیا،کانفرنس کے شرکاء کو ملک کی مجموعی خارجی وداخلی سلامتی کی صورتحال اور جاری فوجی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کوئٹہ میں پاکستان کی عدلیہ پر دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جو ضرب عضب کی کامیابیوں کوسبوتاژ کرنے کی کوشش ہے،مسلح افواج پوری قوم کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حاصل ثمرات ضائع نہیں ہونے دے گی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کمانڈرز اور انٹیلی جنس اداروں کو کومبنگ آپریشن بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سلیپر سیلز کے خاتمے کیلئے بھرپور قوت سے ٹارگٹڈ آپریشنز کیے جائیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسداد دہشتگردی آپریشنز کیلئے تربیت اوران کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔