بچوں کی باپ سے ملاقاتیں کروانے کا حکم

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 9 اگست 2016 18:23

لاہو( اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی 09 اگست۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے بچوں سے ملاقاتیں نہ کروانے کیخلاف دائر درخواستوں پر تمام بچوں کو انکی ماؤں سمیت سترہ اور بائیس اگست کو طلب کرتے ہوئے انکی اپنے اپنے باپ سے ملاقاتیں کروانے کا حکم دیدیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امیر بھٹی نے یتیم خانہ چوک کے قاسم نواز سمیت چار افراد کی درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت د رخواست گزاروں کی طرف سے فہد صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ گارڈین عدالت نے چاروں درخواست گزاروں کی ان کے بچوں کے ساتھ اگست کے مہینے کی ملاقات منسوخ کر دی ہے جو والد کی بنیادی آئینی اور فطری حقوق کی خلاف ورزی ہے، انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ایک ماہ کے سات سو بیس گھنٹوں میں سے صرف دو گھنٹے باپ کو بچوں کے ساتھ ملاقات کیلئے دیئے جاتے ہیں اور باقی تمام وقت بچے ماں کے پاس گھر رہتے ہیں ، قانو ن کے مطابق علیحدگی اختیار کرنے کے بعدباپ کی طرف سے ہر سال بچوں کے خرچے میں ازخود دس سے لیکر بیس فیصد اضافہ ہو جاتا ہے لیکن ہر سال باپ کی بچوں کے ساتھ ملاقات کا وقت نہیں بڑھایا جاتا ، انہوں نے استدعا کی کہ درخواست گزاروں کی ان کے بچوں کے ساتھ اگست کی منسوخ کردہ ملاقات بحال کی جائے اور ماں کے تناسب سے بچوں کی باپ کے ساتھ ملاقات کا وقت بڑھانے کا اصول بھی طے کیا جائے ۔