اوپن یو نیورسٹی پاکستان کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کر نے کو قومی فریضہ سمجھتی ہے ٗ شاہد صدیقی

منگل 9 اگست 2016 17:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 اگست ۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ اوپن یو نیورسٹی پاکستان کے ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرنے اور غریب اور مستحق افراد کو تعلیمی دھارے میں لانے کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے، پاکستان کے ہر شہری کو تعلیمی نیٹ میں لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ ان کا آئینی حق ہے،یونیورسٹی نے داخلہ فیس اور تعلیمی اخراجات ادا نہ کر سکنے والے کم آمدنی والے طلبہ کو تعلیمی نیٹ میں لانے کیلئے 9 مختلف سکیمیں شروع کی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمسٹر خزاں 2016ء کے داخلوں کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ کم آمدن رکھنے والے مستحق طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ وہ ان مالی اعانت پر مشتمل سکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے ملک کے 44 شہروں میں قائم اوپن یونیورسٹی کے علاقائی کیمسسز/دفاتر سے فوری رابطہ کریں ، بحیثیت دنیا کی ایک میگا یونیورسٹی ٗ پاکستان کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو مساوی تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ٗ غریب اورمستحق افراد کو تعلیمی نیٹ میں لانا اوپن یونیورسٹی اپنی قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اپنے' سٹوڈنٹس سپورٹ نظام' کے دائرہ کار کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مالی معاونت اور مختلف سکالرشپس کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لایا جاسکے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر شعبہ داخلہ نے وائس چانسلر کو سمسٹر خزاں 2016ء کے میٹرک تا پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ مستحق طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے کیلئے 9 مختلف سکیموں میں ٗارن ٹو لرن اسکیم ٗ میرٹ سکالرشپ اسکیم ٗ آؤٹ ریچ سکالرشپ اسکیم ٗ فائنل ایئر پراجیکٹ گرانٹ سکیم ٗ سکالر شپ فار کمیونٹیز ٗ سکا لرشپ فارویمن ٗ فیس انسٹالمنٹ اسکیم ٗ ایلومینائی/سپانسرڈ سکالرشپ اسکیمیں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی معاونت اسکیم کے تحت یونیورسٹی غریب اور مستحق طلبہ کو ان کے پروگرام کی ٹیوشن فیس میں تین سمسٹرتک یا پورے تعلیمی پروگرام میں پچاس فیصد تک یا اس سے کم رعایت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارن ٹو لرن اسکیم کے تحت یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر میں جرو وقتی خدمات کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اور اس خدمت کے عوض انہیں معقول معاوضہ دیا جاتا ہے ٗ تاکہ وہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے اپنے تعلیمی اخراجات کا انتظام کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ سکالرشپ اسکیم کے تحت ہر سطح کے تعلیمی پروگرامز میں داخل طلبہ اورطالبات ٗ جو اپنے تعلیمی پروگرام کے نتائج کے مطابق 75 فیصد فیصد یا زائد نمبر حاصل کر چکے ہوں ٗ وہ سکالرشپ کے حصول کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ فی طالب علم سکالرشپ کی شرح اور مستفید طلبہ اور طالبات کی تعداد کا تعین ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افئیرز کے پاس دستیاب فنڈز کی مجموعی صورتحال کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیس انسٹالمنٹ سکیم کے تحت وہ طلبہ و طالبات جوکسی سمسٹر کی فیس یکمشت ادا نہیں کرسکتے ٗ ان کی سہولت کیلئے آسان اقساط میں فیس وصولی کی اسکیم بھی جاری کی گئی ہے۔ فیس کی دوسری قسط 5دن بعد ادا کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :