مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے جاری احتجاج اور 70کشمیریوں کے قتل عام کے بعد بلاآخر مودی نے خاموشی توڑ دی

منگل 9 اگست 2016 16:51

نئی دہلی/بھوپال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء ) مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے جاری احتجاج اور قابض فوج کے ہاتھوں 70کشمیریوں کی شہادتوں کے بعد بلاآخر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خاموشی توڑ تے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا ہر شہری کشمیر سے بہت پیار کرتا ہے ،چند مٹھی بھر لوگ کشمیریوں کو گمراہ کرکے حالات خراب کررہے ہیں،کشمیر امن اور کشمیری اپنے ذریعہ معاش کی بہتری چاہتے ہیں ،مرکز انکی ہرممکن مددکرے گا،بھارت کی آزاد ی میں ہربھارتی شہری کی طرح کشمیریوں کا بھی حق ہے،جموں وکشمیر کی حکومت چاہیے محبوبہ جی یا مرکزی حکومت کے تحت ہو ہم ترقی کے ذریعے تمام مسائل کا حل تلاش کریں گے ۔

منگل کو بھارتی میڈیاکے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع علی راجپور میں پروگرام ”آزادی 70سال یاد کرو قربانی“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کا ہر شہری کشمیر سے پیار کرتا ہے ،چند مٹھی بھر لوگ کشمیریوں کو گمراہ کرکے حالات خراب کررہے ہیں جہاں 8جولائی کو ایک باغی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد سے کئی افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ لوگ کشمیر میں نقصان کا باعث بن رہے ہیں ،کشمیر امن چاہتا ہے اور کشمیری اپنے ذریعہ معاش کی بہتری چاہتے ہیں ،مرکز انکی ہرممکن مددکرے گا۔نریندر مودی نے کہاکہ ہم لوگ اس راستے پر چل رہے ہیں جو اٹل بہاری واجپائی نے کشمیر آکر اختیار کیا تھا۔بھارت کی آزاد ی میں ہربھارتی شہری کی طرح کشمیریوں کا بھی حق ہے ۔ہم کشمیر میں ہر نوجوان کیلئے ایک ہی روشن مستقبل چاہتے ہیں ، جن بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ،بلا ،گیند، اور دلوں میں خواب ہونے چاہیے تھے آج انھوں نے پتھر اٹھا رکھے ہیں۔

میں پوری قوم اور کانگریس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ ہم سب نے کشمیر کی صورتحال سے بالغ نظری کے ذریعے نمٹنے کیلئے کوشش کی ۔جموں وکشمیر کی حکومت چاہیے محبوبہ جی یا مرکزی حکومت کے تحت ہو ہم ترقی کے ذریعے تمام مسائل کا حل تلاش کریں گے ۔ہم جموں وکشمیر میں ترقی چاہتے ہیں ۔مودی نے کہاکہ ہمارا پرچم بھارت کے مستقبل کو تبدیل کرنے کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ہمارے اندر جذبہ حب الوطنی پیدا کرتا ہے ۔

انکا کہنا تھاکہ 75سال پہلے مہاتما گاندھی نے انگریزوں کو انڈیا چھوڑنے کو کہا تھا اس لیے آ ج آزاد ی کی فضاء میں سانس لینے کو ممکن بنانے والے ان تمام لوگوں کو یاد کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔میری خوش قسمتی ہے کہ میں آج چندر شیکھر آزاد کی جائے پیدائش پر موجود ہوں ہم میں سے بہت سے لوگ آزاد انڈیا میں پیدا ہوئے لیکن حریت پسند وں کو قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے کا اعزاز ملا۔