وزیراعلی سندھ کے بعد ان کی کابینہ کے ارکان بھی متحرک ہو گئی

وزیر صنعت منظور وسان صبح 9 بجے سائٹ لمیٹڈ کے دفتر پہنچ گئے، خالی کرسیوں نے وزیر کا استقبال کیا

منگل 9 اگست 2016 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے بعد ان کی کابینہ کے ارکان بھی متحرک ہو گئے ہیں ۔سندھ وزیرصنعت منظورحسین وسان نے سائٹ لمیٹڈکے دفتر پر چھاپا مارا اور مختلف سیکشن کا دورہ کیا۔وزیرکو دیکھ کرملازمین میں کھلبلی مچ گئی ۔ ایم ڈی اور سیکرٹری سمیت متعدد افسران کی خالی کرسیوں نے وزیر کا استقبال کیا ۔

ٹوٹی کرسیوں پر بلیوں کو آرام کرتا دیکھا تو برہمی اور بڑھ گئی ۔صوبائی وزیر نے غیرحاضری پر ایم ڈی سائٹ لمیٹڈ غلام مجتبیٰ جویو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔منظور وسان نے دفتر میں ٹوٹی کرسیوں اورگندگی پربرہمی کا اظہار کیا ۔دورے کے دوران سیکریٹری کا دفتر بھی خالی ملا، جس پر سیکریٹری آغا فخر جبکہ ڈپٹی چیف انجینئرعبدالمالک بھٹی کو بھی شوکاز دے دیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ملازمین کا ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر بائیومیٹرک کلرک کو بھی شوکاز جاری کردیا، سائٹ لمیٹڈدفترمیں 914 ملازمین میں سے 308 غیر حاضر تھے، منظور وسان نے غیر حاضر ملازمین کا بائیو ڈیٹا حاصل کرلیا اور ان کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کردیئے۔اس موقع منظور وسان نے کہاکہ کارکردگی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا، افسران اور ملازمین اپنا قبلہ درست کرلیں۔دریں اثناء سماجی بہبود کے وزیر منظور جاکھرانی بھی ایکشن میں نظر آئے، صبح 9 بجے دفتر پہنچے اور عملے کے غیر حاضر17 ملازمین کو معطل کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :