سانحہ کوئٹہ پر ملک بھر میں فضا سوگوار ، قومی پرچم سرنگوں ،یوم سوگ منایا گیا

منگل 9 اگست 2016 14:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء ) سول ہسپتال کوئٹہ میں خودکش حملے میں70افراد کی شہادت کے بعد اندوہناک سانحہ پر منگل کو کوئٹہ سمیت ملک بھرکی فضا ء سوگوار رہی، قومی پرچم سرنگوں رہا،سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کی اپیل پریوم سوگ منایا گیا ، کراچی سے خیبر تک عوام اوربولان سے چترال تک وکلا اور سول سوسائٹی کے ارکان سراپا احتجاج ہیں ،بار ایسوسی ایشنز کی اپیل پر ملک بھر میں عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا، وکلابرادری نے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں بھی نکالیں،صحافتی تنظیموں نے بھی احتجاجی ریلیاں نکالیں اور سانحہ کوئٹہ کی شدید مذمت اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔

کوئٹہ کی تمام جامعات،کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کے علاوہ کاروباری ادارے بند ر ہے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی،عدالتوں میں سرگرمیاں معطل ر ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روزکوئٹہ کے سول ہسپتال میں دہشت گردی اور معصوم انسانی جانوں کے نقصان پر شہر سمیت ملک بھر کی فضا سوگوار ہے ۔بلوچستان حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، قومی پرچم سرنگوں ہے، صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں منگل کو ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ، بلوچستان یونیورسٹی ، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی بند رہے ۔

صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، بلوچستان یونیورسٹی ، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی بند رہیں۔سول ہسپتال خودکش دھماکے کیخلاف بلوچستان بھر میں سیاسی جماعتوں ،پشتونخواملی عوامی پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،پاکستان مسلم لیگ(ن) ،نیشنل پارٹی ،بلوچستان نیشنل پارٹی ،جمعیت علماء اسلام ،مرکزی انجمن تاجران ،چیمبرآف کامرس کی اپیل پر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع چمن ،پشین ،لورالائی ،ژوب ،ہرنائی ،مسلم باغ ،جعفرآباد،خاران ،نوشکی ،اوردیگر شہروں میں ہڑتال اور وکلاء کی جانب سے عدالتوں سے بائیکاٹ کیاگیا ۔

جبکہ شہر میں ٹریفک معمول سے کم رہا۔ اس کے علاوہ شہر میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اور کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا ۔دوسری جانب ہلاک شدگان کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی جا رہی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ کے سول ہسپتال کے شعبہ حادثات کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں وکلاء اورصحافیوں سمیت 71افراد شہید جبکہ 150سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔