مقبوضہ کشمیر میں کشت وخون پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی بے حسی شرمناک ہے ‘میرواعظ

منگل 9 اگست 2016 13:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمرفاروق نے وادی کے اطراف و اکناف میں گزشتہ ایک مہینے سے جاری کشت و خون اور پر تشدد واقعات پر کٹھ پتلی انتظامیہ کی بے حسی کو حد درجہ شرمناک قررار دیاہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیر کے چپے چپے پر نہتے عوام کے خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے ، ٹارگٹ کلنگ ، پیلٹ گنوں ،آنسو گیس ، لاٹھی چارج اور کالے قوانین کے ہتھیار سے لیس بھارتی فورسز کشمیری عوام کیخلاف برسرپیکار ہے اور گزشتہ ایک مہینے کے دوران ان پر تشدد واقعات میں اب تک70 سے زائد افراد شہید ، سینکڑوں کو پیلٹ گنوں کے ذریعے معذور اور نابینا کردیا گیا ہے جبکہ پانچ ہزار سے زیادہ افراد کو شدید زخمی اور پندرہ سو کے قریب آزادی پسند قائدین ، کارکن اور نوجوان گھروں اور جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند ہیں۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں مسلسل کرفیو ، بندشوں ، قدغنوں اور رکاوٹو ں کی وجہ سے لوگوں کی نقل و حرکت مسدود ہے ، حقوق انسانی کی پامالیاں عروج پر ہیں ، تاریخی جامع مسجد سمیت پائین شہر اور جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں مساجد میں نمازوں کی ادائیگی پر پابندی ہے لیکن کٹھ پتلی انتظامیہ کو صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے اور اپنے بھارتی آقاؤں کی خوشنودی اور اقتدار سے چپکے رہنے کی خاطر یہ لوگ بھارتی ظلم وتشدد کا ساتھ دے رہے ہیں ۔

میرواعظ نے کشمیری عوام کے صبر و استقامت اور ان کی عظیم جانی و مالی قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے وہ بے پناہ مظالم اور مصائب کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متحدہ آزادی پسند قیادت کے احتجاجی پروگرام پر عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب کشمیری عوام اپنے عظیم نصب العین کے حصول کی جدوجہد میں سرخ روئی سے سرفراز ہونگے۔ میرواعظ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متحدہ آزادی پسند قیادت کی جانب سے دئے گئے احتجاجی پروگرام پر من و عن عمل کریں۔