کوئٹہ حملہ پاکستان پر حملہ ہے ، یہ ہماری ایجنسیوں‌کی ناکامی ہے ۔ محمود خان اچکزئی

را اور موساد پر الزام تراشی کی بجائے اپنی اصلاح کی جائے ، کوئٹہ سانحہ کو ٹیسٹ کیس بنایا جائے اور وزیر اعظم نواز شریف انٹیلی جنس ایجنسیوں کو حکم دیں‌کہ درست فیصلہ چاہئیے ۔ ملی عوامی پارٹی کے چئیر مین محمود خان اچکزئی کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 9 اگست 2016 12:50

کوئٹہ حملہ پاکستان پر حملہ ہے ، یہ ہماری ایجنسیوں‌کی ناکامی ہے ۔ محمود ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09اگست 2016ء ) : اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ کوئٹہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔ محمود خان اچکزئی نے سکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایجنسیاں گدلے پانی سے سوئی ڈھونڈ سکتی ہیں۔

فوج عدلیہ اور حکومت کو دہشتگردی کے خلاف تجدید عہد کرنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری بیوروکریسی آئے روز کئی نئی تھیوریاں پیش کر رہی ہے۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کی کی پراکسی وار نہیں لڑے گا۔ ملی عوامی پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ میں آئندہ پارلیمنٹ میں فاتحہ خوانی نہیں کروں گا۔ کیا ایوان محض دعاؤں کے لیے رہ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملکی سکیورٹی صورتحال پرپارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ کل ہمارے شریف علیحدہ علیحدہ کوئٹہ پہنچے، ہم دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ہمیں بتایا جائے کہ ملک کے فیصلے کس طرح کرنے ہیں اور کس کے پیچھے چلنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ را اور موساد پر الزام تراشی کی بجائے اپنی اصلاح کریں۔ اس سانحہ کو ٹیسٹ کیس بنائیں، سول و ملٹری انٹیلی جنس کو ٹائم فریم دیا جائے۔وزیر اعظم انٹیلی جنس اداروں کو حکم دیں کہ درست نتیجہ چاہئیے۔