برطانیہ،نئے ممبران کو ووٹنگ کا حق‘، لیبر پارٹی اپیل کرے گی

منگل 9 اگست 2016 11:38

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اگست ۔2016ء) برطانیہ کی سیاسی جماعت لیبر پارٹی نے جماعت کے سربراہ کے انتخابات میں نئے پارٹی ممبران کو ووٹ کا حق دینے کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت جمعرات کو ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ 12 جنوری کے بعد جماعت کی رکنیت حاصل کرنے والے افراد پارٹی کے نئے سربراہ کے انتخاب میں ووٹ دے سکیں گے۔

اس سے قبل پارٹی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رواں برس جنوری کے بعد پارٹی کے رکن بننے والے افراد صرف اسی صورت میں جماعت کے سربراہ کے چناوٴ کے لیے ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے اگر وہ اضافی 25 پاوٴنڈ فیس ادا کریں۔عدالتی فیصلے کے بعد تقریباً مزید 150,000 افراد لیبر پارٹی کے سربراہ کو منتخب کرنے کے لیے ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

عام خیال ہے کہ نئے ممبران کو ووٹ کا حق ملنے سے موجودہ سربراہ جرمی کوربن کو فائدہ پہنچے گا۔یہی وجہ ہے کہ جرمی کوربن کے مدِ مقابل لیبر پارٹی کی صدارت کے امیدوار اوون سمتھ بھی نئے ممبران کو اضافی فیس کی ادائیگی کے بغیر ووٹ کا حق دینے کے حق میں نہیں ہیں۔لیبر پارٹی کا نیا سربراہ 24 ستمبر سے قبل منتخب کر لیا جائے گا۔یاد رہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرینڈم کے بعد لیبر پارٹی میں ایک قسم کا سیاسی بحران پیدا ہوگیا تھا اور جماعت کے بہت سے اراکینِ پارلیمان نے جرمی کوربن سے جماعت کی صدارت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر جرمی کوربن نے جماعت کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے ساتھ انتخاب میں دوبارہ بطور امیدوار کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :