سانحہ کوئٹہ ،فضا سوگوار،پرچم سرنگوں،تعلیمی ادارے اورکاروبار بندرہے

منگل 9 اگست 2016 11:16

سانحہ کوئٹہ ،فضا سوگوار،پرچم سرنگوں،تعلیمی ادارے اورکاروبار بندرہے

کوئٹہ /لاہور /ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 اگست ۔2016ء ) سول ہسپتال کوئٹہ میں خودکش حملے میں70 افراد کی شہادت کے بعد بلوچستان کی فضا سوگوار رہی ،سپریم کورٹ بار اور پاکستان بار کونسل کی اپیل پریوم سوگ منایا گیا ۔ کوئٹہ کی تمام جامعات،کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند ر ہے ۔تاجروں نے بھی کاروبار بند رکھا ۔کوئٹہ کے سول ہسپتال میں دہشت گردی اور معصوم انسانی جانوں کے نقصان پر کوئٹہ سمیت ملک بھر کی فضا سوگوار رہی ۔

بلوچستان حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ، قومی پرچم سرنگوں رہا۔ صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے سانحہ کوئٹہ کے سوگ میں ضلع بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا، بلوچستان یونیورسٹی ، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی بھی بند رہیں ۔

(جاری ہے)

وفاق اور پنجاب حکومت کی جانب سے ایک روزہ سوگ کے باعث تمام سرکاری اور نیم سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہا۔

لاہور میں سانحہ کوئٹہ پر یوم سوگ میں سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ لاہور میں سپریم کورٹ رجسٹری اور ہائی کورٹ میں یوم سوگ منایا گیا، وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے۔سپریم کورٹ بار نے سات روز ، پاکستان بار ، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز اور لاہور چیمبر نے تین روز کے سوگ کا اعلان کیا ۔ بار ایسوسی ایشنز کی اپیل پر ملک بھر میں عدالتی امور کا بائیکاٹ کیا گیا، وکلابرادری مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی نکا لی گئیں ۔

وزیراعلیٰ سندھ وکلا سے اظہاریکجہتی کیلئے سٹی کورٹ کراچی پہنچے جہاں ایڈیشنل آئی جی نے سیکیورٹی پر بریفنگ دی۔مراد علی شاہ نے سٹی کورٹ کے پارکنگ گیٹ کا معائنہ کیا۔ لاہور اور ڈسٹرکٹ بار ملتان میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔