سانحہ کوئٹہ عدلیہ پرحملہ ہے،رہنماء وحکومتی اراکین

حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،بلوچستان کے عوام متحدہوکردہشت گردوں کاڈٹ کرمقابلہ کریں،امان اللہ نوتیزئی،میرعبدالکریم نوشیروانی،میرعاصم کردگیلو،ڈاکٹررقیہ ہاشمی،منظوراحمدکاکڑ،نصراللہ زیرے ،میراظہارحسین کھوسہ ودیگر

پیر 8 اگست 2016 22:43

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء ) بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں حکومتی اراکین نے کوئٹہ میں ہونیوالے بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ عدلیہ پرحملہ ہے اور اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے بلوچستان کے عوام متحد ہو کر دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی امان اللہ نوتیزئی ‘ اراکین اسمبلی میرعبدالکریم نوشیروانی ‘ میرعاصم کرد گیلو ‘ ڈاکٹررقیہ ہاشمی ‘ منظور احمد کاکڑ ‘ نصراللہ زیرے ‘ میراظہار حسین کھوسہ ‘ مشیر وزیراعلیٰ حاجی محمد خان لہڑی ‘ سابق صوبائی وزیر حاجی محمد خان طوراوتمانخیل اورمشیر وزیراعلیٰ سردار درمحمد ناصر نے کوئٹہ میں ہونیوالے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت دہشت گردوں نے پہلے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کو شہید کیا اور بعد میں سول ہسپتال میں خودکش حملہ کرکے وکلاء اور صحافیوں کو شہید کیا گیا اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور یہ حملہ صرف وکلاء پر نہیں بلکہ پوری عدلیہ پر حملہ ہے ۔