حیدرآبادکے 80فیصد علاقوں سے بارش کا پانی خارج کردیاگیاہے ضرورت کے مطابق جنریٹر اورپمپ ہرجگہ فراہم کیاجارہا ہے،جام خان شورو

پیر 8 اگست 2016 22:25

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ حیدرآبادکے 80فیصد علاقوں سے بارش کا پانی خارج کردیاگیاہے ضرورت کے مطابق جنریٹر اورپمپ ہرجگہ فراہم کیاجارہا ہے،ایم کیوایم کے دورجہاں2006ء میں بارشوں کے بعد جہاں کشتیاں چلتی رہیں تھیں وہاں سے بھی پانی کا اخراج کافی حد تک ہوچکا ہے،شرپسندسیوریج نظام کو مفلوج کرنے کے لئے گٹروں اورنالوں میں مٹی کی بوریاں ڈال رہے ہیں کراچی میں کئی جگہوں سے بوریاں نکالی گئیں ہیں،وہ حیدرآباد سٹی ،قاسم آباداورلطیف آباد کے بارش سے متاثرہ علاقوں کو دورہ کرنے کے بعد لطیف آباد نمبر4میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ڈویژنل کمشنر حیدرآباد قاضی شاہد پرویز، ڈی سی حیدرآبادمعتصم عباسی ،ایڈمنسٹریٹر بلدیہ برکت اﷲ میمن،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسزبلدیہ ڈاکٹر امتیاز میمن اوردیگر افسران اورپی پی پی کے رہنماء بھی ان کے ساتھ تھے،صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ اگر حیسکو کی جانب سے بلا تعطل فراہم جاری رکھی جائے تو برساتی پانی کی نکاسی جلد ممکن ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اگرچہ حیدرآباد میں شدید بارشیں ہوئی ہیں مگر اس کے باوجود بھی برساتی پانی کی نکاسی کا کام بھی بھرپور طریقے جاری ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے جبکہ اس کے برعکس 2006 میں ہونے والی بارشوں میں لطیف آباد اور حیدرآباد کی سڑکیں اورگلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں ۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں بھی سیوریج نالوں میں بوریاں ڈال کر انہیں بندکرنے کی کوشش کی گئی اور اب بھی کراچی اورحیدرآباد میں ہمیں اس قسم کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور واسا کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور واسا نے مسلسل برساتی پانی کی نکاسی کا کام جاری رکھا ۔ جس کی وجہ سے حیدرآباد قاسم آباد اور لطیف آباد کے زیادہ تر علاقوں سے پانی کی نکاسی کر دی گئی ہے صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو تعلقہ قاسم آباد کے علاقے علی پیلس ، نسیم نگر فیز تھری، لندن ٹاؤن ، وحدت کالونی ، اور تعلقہ حیدرآباد سٹی کے علاقے لیاقت کالونی ، پھلیلی، پاکستانی چوک ، تین نمبر تالاب ، فقیر کا پڑ،تعلقہ لطیف آباد کا بھی تفصیلی دورہ کیا ۔ صوبائی وزیر بارش متاثرہ علاقوں میں برساتی پانی میں چل کر لوگوں کے پاس گئے اور ان کی شکایات سنی اور ان کے مسائل کے حل کی یقینی دھانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :