کوئٹہ واقعہ کے بعد لاہور میں سکیورٹی مزید سخت ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات، گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا

پیر 8 اگست 2016 21:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء) کوئٹہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ کے بعد صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی مزید سخت ، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گی ۔ہسپتالوں، مارکیٹوں ، تفریح گاہوں اور دیگر پبلک مقامات پر سکیورٹی سخت ، گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کوئٹہ میں ہونے والے افسوس ناک واقعے کے بعد شہر بھرمیں سکیورٹی نہایت سخت کر دی گئی ہے ۔

لاہور پولیس کی جانب سے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پولیس اہلکاروں کو سختی سے ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ کسی بھی گاڑی یا دیگر سواری کو بغیر چیکنگ شہر میں داخل نہ ہونے دیا جائے اور تمام اہلکار نیک نیتی سے اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے لاہور پولیس کی جانب سے شہر میں قائم تمام ہسپتالوں،مساجد ، امام بارگاہوں ، درباروں ، تفریح گاہوں ، بس اڈوں ، اسٹیشنوں ، سینما گھروں ، تھیٹروں ، مارکیٹوں اور سرکاری وغیر سرکاری عمارتوں سمیت دیگر اہم مقامات کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔

اس حوالے سے لاہور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کر نیوالے اداروں کی جانب سے اہم مقامات اور عمارتوں سمیت دیگر جگہوں کی سادہ کپڑوں میں نگرانی جاری ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے قبل ہی مشکوک افراد کا پتہ چلایا جا سکے ۔ اس حوالے سے شہر کے تمام ڈویژنل ایس پیز کو سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں جن کے تحت سکیورٹی کو مزید سخت اور گشت کو موثر بنایاگیا ہے ۔