بعض سیاسی مخالفین مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں سے خائف ہیں ،ان سیاسی عناصرکو خوف ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ان کی سیاست ختم ہو جائیگی ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کامحور عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے ،جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی،احتجاجی سیاست کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے بڑھتا جائے گا

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ر ہنما و میٹرو بس کے چیئرمین حنیف عباسی کی منتخب نمائندوں سے گفتگو

پیر 8 اگست 2016 21:18

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما و میٹرو بس کے چیئرمین حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بعض سیاسی مخالفین پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں سے خائف ہیں اوران سیاسی عناصرکو خوف ہے کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ان کی سیاست ختم ہو جائیگی لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کامحور عوام کی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہے اوران منصوبوں کی تکمیل کے لئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے گی۔

احتجاجی سیاست کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اورپاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔حنیف عباسی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 13 اگست کاکامیاب جلسہ حکومتی کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہوگا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتی ہے اور مسلم لیگ(ن) کی سیاست عوامی خدمت اورملک کی ترقی وخوشحالی کی سیاست ہے ۔

(جاری ہے)

منتخب حکومت عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے اور 3سال ہر شعبے میں بہتری لانے کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے لیکن بعض سیاسی عناصر صرف ذاتی مفادات کی خاطرعوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں میں ایک بار پھررکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اورشکست خوردہ سیاسی عناصر ایک بار پھرکنٹینر سیاست سے تیزرفتار ترقی کے عمل کو روکنے کے د رپے ہیں اورقوم جان چکی ہے کہ ان عناصر کو عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی سروکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے تو بعض سیاسی عناصر پھر بلوں سے باہر نکل آئے ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام ایسے سیاسی عناصر کے جھانسے میں پہلے آئے، نہ اب آئیں گے۔ جمہوریت میں فیصلے سٹرکوں پرنہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں۔دھرنا اورانتشار کی منفی سیاست کے باوجود عوامی خدمت کا مشن ہر حال میں پورا کریں گے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ تمام تر وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر نہایت شفاف انداز میں صرف کئے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، معیاراور برق رفتاری کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا کلچر متعارف کرایاہے اوراس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی لازم قراردیا گیا ہے جس سے منصوبوں پر عملدر آمد میں شفافیت کو فروغ ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سمیت صوبے بھر میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور سماجی ترقی کے دیگر شعبوں میں میگا پراجیکٹس مکمل کئے گئے ہیں جن سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ غریب طبقات کی فلاح اور غریب گھرانوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کی توقعات پر پورا اتریگی اوران سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریگی۔