بھارت ، افغانستان اور ایران سے تعلقات بہتر کئے بغیر دہشتگردی نہیں رکے گی ، ہم نے افغانستان میں دہشت گردی کے لئے لوگوں کو تربیت دی ، وہ ردعمل کے طورپر ہمارے ملک میں کر رہے ہیں

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما غلام احمد بلور کی میڈیا سے گفتگو میں کوئٹہ دھماکے کی مذمت

پیر 8 اگست 2016 20:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی غلام احمد بلور نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک بھارت ، افغانستان اور ایران سے تعلقات بہتر نہ کئے گئے دہشت گردی نہیں رکے گی، ہم نے افغانستان میں دہشت گردی کے لئے لوگوں کو تربیت دی ، وہ ردعمل کے طورپر ہمارے ملک میں کر رہے ہیں ۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کئے جانے والے نیشنل ایکشن پلان پر درست طریقے سے عمل درآمد نہیں ہو رہا، حکومت سے اس حوالے سے بازپرس ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا یہ کہنا غلب ہے کہ دہشت گردوں کی کمرٹوٹ گئی ہے ، اگر کمر ٹوٹی ہوتی تو ایسے واقعات نہ ہوتے۔

(جاری ہے)

غلام احمد بلور نے کہا کہ جب ہم افغانستان میں دہشت گردی کے لئے لوگوں کو تربیت دیں گے تو لازمی بات ہے کہ وہ بھی ردعمل کے طور پر پاکستان میں دہشت گردی کریں گے ، جب تک پڑوسی ممالک بھارت، افغانستان اور ایران سے تعلقات بہتر نہ ہوئے تب تک معاملات بہتر نہیں ہو سکتے، تمام ملکوں کو مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنا ہوگا، آپس کے اختلافات ختم نہ ہوئے تو امن وامان قائم نہیں ہوسکتا