اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کا طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر رن وے سے اتر گیا، مسافر محفوظ

پیر 8 اگست 2016 20:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 اگست ۔2016ء) اسلام آباد کے بے نظیر انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن کی پرواز لینڈنگ کے دوران رن وے پر پھسل گئی تاہم خوش قسمتی سے طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ پیر کوترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ٹیک آف کے بعد فنی خرابی کی نشاندہی پر پائلٹ نے دوبارہ لینڈنگ کی تاہم طیارہ رن وے سے اتر کر کچے میں چلا گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا، انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 451 نے صبح 8 بجے اسلام آباد سے اسکردو روانہ ہونا تھا جو فنی خرابی کی وجہ تاخیر سے روانہ کی گئی۔ادھر ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا تھا کہ طیارہ ایئرپورٹ کے رن وے سے ٹیک آف نہ کر سکا تھا اور پرواز سے قبل ہی طیارے کا ہائیڈرالک سسٹم فیل ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن کے عملے نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد طیارے کو کچے سے ہٹایا تاہم اس دوران ایئرپورٹ کا رن وے بند کردیا گیا، جس سے متعدد پروازیں تاخیر کاشکار ہوئیں۔تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں کراچی جانے والی پرواز پی کے 365، کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز 324 اور سکھر جانے والی پرواز پی کے 692 شامل ہیں۔دوسری جانب جدہ جانے والی پرواز پی کے 271 کا رخ اسلام آباد سے لاہور کی جانب موڑ دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :