اسٹیٹ آفس میں کمپیوٹرائزیشن کی ابتداء تاریخ ساز قدم ہے‘ وفاقی وزیر اکرم خان درانی

پیر 8 اگست 2016 19:30

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ اسٹیٹ آفس میں کمپیوٹرائزیشن کی ابتداء تاریخ ساز قدم ہے۔ پیر کو اسٹیٹ آفس کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ جس دن انہوں نے وزارت سنبھالی ہے شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل میں سب سے اہم مسئلہ رہائش کا ہے، اس ضمن میں اسٹیٹ آفس کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ آفس نے اپنی مدد آپ کے تحت کمپیوٹرائزیشن کی ابتداء کی اور الله کے فضل و کرم سے آج اسٹیٹ آفس اس قابل ہو گیا ہے کہ وہ سافٹ ویئر کے ذریعے ان لائن رجسٹریشن اور اپنے تمام مکانوں کا ڈیٹا تیار کر چکا ہے۔

(جاری ہے)

کمپیوٹرائزیشن (آٹو میشن) کا بنیادی مقصد الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا اور اسٹیٹ آفس کے ریکارڈ کو محفوظ بنانا ہے، آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے جنرل ویٹنگ لسٹ کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی تاکہ ملازمین کی یہ شکایت ختم ہو کہ اسٹیٹ آفس نے نام شامل نہیں کیا۔ اس کے علاوہ الاٹمنٹ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا۔ مرکزی ڈیٹا کے ذریعے ہر گھر پر نظر رکھی جا سکے گی اور غیر قانونی قابضین کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا۔

اسٹیٹ آفس کی آئی ٹی ٹیم کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن سے سرکاری ملازمین کا اعتماد بحال کرنے میں مدد ملے گی ۔ نئے سرکاری سافٹ ویئر کی خاص بات یہ ہے کہ آن لائن رجسٹریشن کرنے والے سرکاری ملازمین اپنے شناختی کارڈ کی مدد سے لاگ ان کر سکیں گے جس کے ذریعے وہ اپنے بارے میں بنیادی معلومات حاصل کر سکیں گے۔ مذکو رہ سافٹ ویئر اسٹیٹ افس کی کارکردگی بہتر کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوگا اس کے ذریعے سرکاری ملازمین کی آن لائن فارم کی جانچ پڑتال ،فارم کو متعلقہ برانچ میں رپورٹ کیلئے بھیجنا اور سرکاری مکانات کی منیجمنٹ جیسے اہم کام شفاف انداز سے کئے جا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :