کوئٹہ بم دھماکے میں بے گناہ انسانوں کو موت کی نیند سلادینے والے بد ترین دہشت گرد ہیں،مرتضیٰ وہاب

وکلاء اور تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اپنے اتحاد سے دہشت گردی کو ناکام بنائیں گے،مشیر قانون سندھ

پیر 8 اگست 2016 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ کے مشیر قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے آج سول اسپتال کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانوں کو موت کی نیند سلادینے والے بد ترین دہشت گرد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں شہید ہونے والے وکلاء، صحافیوں اور دیگر بے گناہ افراد کے لواحقین کے ساتھ پوری پاکستانی قوم ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور وکلاء اور تمام شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اپنے اتحاد سے دہشت گردی کو ناکام بنائیں گے۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی عوام اور افواج نے بے مثال قربانیاں دہ ہیں اور آپریشن ضرب عضب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔

(جاری ہے)

جو عناصر اب بھی دہشت گردی کی بزدلانہ وارداتیں کر رہے ہیں وہ قانون اور انصاف کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور قوم اپنے عزم اور اتحاد سے پر امن اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت سندھ، حکومت بلوچستان کے ساتھ ہے اور زخمیوں کے علاج معالجے اور دیگر امور میں ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :