بوگس نمبر پلیٹ لگانے اور بنانے والوں کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپے تک جرمانہ ہوسکے گا‘ سی ٹی او لاہور

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر لی ‘ طیب حفیظ چیمہ

پیر 8 اگست 2016 18:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ بغیر نمبر پلیٹ،سبز نمبر پلیٹ،غیر نمونہ نمبر پلیٹ،رنگدار شیشے والی گاڑیوں اور کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے ،بوگس نمبر پلیٹ لگانے اور بنانے والوں کوایک سال قیداور ایک لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہوسکے گی۔

آج سے شہر کی سکیورٹی اور امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر بغیر نمبر پلیٹ اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ ،سبز نمبر پلیٹ ،رنگدار شیشے والی گاڑیوں اور کمسن ڈرائیورز کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیدیا ۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے خصوصی مہم کے دوران یکم نومبر 2014سے ابتک بغیر نمبر پلیٹ 62193،سبز نمبر پلیٹ 371،غیر نمونہ نمبر پلیٹ158152،رنگدار شیشے والی 88843گاڑیوں اور 30034کمسن ڈرائیورز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس سلسلے میں ایس پیز، ڈی ایس پیز سے خصوصی میٹنگ کی اور احکامات جاری کیئے ، میٹنگ میں موجود ٹریفک افسران کو ہدایت کی کہ ڈی ایس پیز خود دونوں شفٹوں کی ڈیوٹی چیک کریں او بریفنگ بھی یقینی بنائیں گے چیف ٹریفک آفیسر خود بھی شہر کے مختلف علاقوں کا سرپرائز وزٹ کریں گے جس علاقے میں غیر نمونہ اور بغیر نمبر پلیٹ گاڑی نظر آئی اس سیکٹر انچارج کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیکٹر انچارجز اپنی ڈیوٹی کے دوران مسلسل پٹرولنگ کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو موثر بنائیں گے اور اس سلسلے میں کارروائی کی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں گے۔انہوں نے ٹریفک سٹاف کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کوئی سفارش یا دباؤ قبول نہ کریں تاہم شہریوں سے شفقت اور نرمی سے پیش آئیں۔

متعلقہ عنوان :