طالبعلم کواغواء کارکے چنگل سے بازیاب کر اکے والدین کے حوالے کرنے والے وارڈنز کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ

دلو کلاں کے رہائشی ریاض کے 10سالہ نعمان کو موٹر سائیکل سوار مسلح ملزم نے اغواء کرلیا ،نشترکالونی اشارے کے قریب وارڈنز کو دیکھ کر شور مچایا اوردوڑ لگا کر وارڈنز کے پاس آگیا جنہوں نے بروقت مدد کرتے ہوئے اسے والدین تک پہنچایا‘طیب حفیظ چیمہ

پیر 8 اگست 2016 18:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک سیکٹر کاہنہ کے وارڈنز نے بہادری اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں جماعت کے طالبعلم کو اغواء کار کے چنگل سے بازیاب کروا کے متعلقہ تھانے کی مدد سے اسکے والدین کے سپرد کردیا،دوران ڈیوٹی فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پرسیکٹر کاہنہ کے وارڈنز یونس اور اشفاق کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلا رہی ہے۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر کاہنہ کے وارڈنز یونس اور اشفاق سگنل نشترفیروز پور روڈ پر بغیر نمبر پلیٹ اور رنگدار شیشے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف تھے کہ ایک اپلائیڈ فار موٹر سائیکل پر ایک شخص کے ساتھ ایک 10سالہ بچہ بیٹھا ہوا تھا جو رو رہا تھا ٹریفک وارڈنز نے شک گزرنے پر اسے رکنے کا اشارہ کیا تو موٹر سائیکل سوار نے موزر نکال کر وارڈنز کو دور رہنے کا کہا اسی دوران بچے نے موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا ئی اور وارڈنز کے پیچھے آکر ان سے لپٹ گیاوارڈنز نے مسلح شخص کے بارے میں 15پر اطلاع کرنے کے ساتھ ساتھ افسران بالا کو آگاہ کیاجبکہ تعاقب کرنے پر ملزم فرار ہوگیا ۔

(جاری ہے)

اغوا کار کے چنگل سے بچ نکلنے والے کمسن بچے نے وارڈنز کو بتایا کہ اس کا نام نعمان ریاض ہے اور وہ دلو کلاں روہی نالہ کا رہائشی ہے جسے ملزم نے محلے سے اغواء کرلیا اور اس نے وارڈنز کو دیکھ کر مدد کیلئے رونا شروع کردیا تھا وارڈنز نے مغوی نعمان کو تھانہ نشتر کالونی کے حوالے کرتے ہوئے اسکے والدین سے رابطہ کیا جس کے بعد اسکے اہل خانہ آکرنعمان کو اپنے ساتھ لے گئے ۔سی ٹی او نے فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے وارڈن کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :