بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے ٗوزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعظم سے ملاقات کر کے شواہد پیش کرونگا ٗ کبوتر کی طرح آنکھیں بندکر کے نہیں بیٹھیں گے ٗ مقابلہ کرینگے ٗ ثناء اﷲ زہری

پیر 8 اگست 2016 18:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے کہاہے کہ میرے پاس شواہد موجود ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ ملوث ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ ملوث ہے جس کے شواہد موجود ہیں جب کہ وزیراعظم اور دفتر خارجہ سے اس حوالے سے ملاقات کروں گا اور شواہد پیش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کاررائیوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے بار بار شواہد دے رہا ہوں اور پرسوں بھی وزیرداخلہ کو شواہد دئیے، ہم کبوتر کی طرح آنکھیں بند کر کے نہیں بیٹھیں گے بلکہ ان کا مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی بلوچستان نے کہاکہ دہشت گردوں نے پہلے ہمارے وکیل کو قتل کیا پھر خودکش حملہ آور نے ہسپتال میں خود کو اڑایا، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اب وہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان کا کوئی دین مذہب نہیں جنگ کے دوران بھی اسپتالوں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔ انہوں نے کہاکہ ہم آج بھی عوام اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلے بھی عوام کو تحفظ دیا آئندہ بھی دینگے، اس طرح کی حرکتوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہونگے ۔

متعلقہ عنوان :