گڈ گورننس کو ممکن بنانے کے لئے افسران کاجدید ٹیکنالوجی سے واقف ہوناضروری ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

ارفع آئی ٹی پارک میں پی آئی ٹی بی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے اشتراک سے منعقدہ 105ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے تربیتی سیشن سے خطاب،افسران نے پی آئی ٹی بی کے منصوبوں کو سراہا

پیر 8 اگست 2016 18:13

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 اگست ۔2016ء) چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ گڈ گورننس اور حکومتی امور میں شفافیت کوفروغ دینے کے لئے سرکاری افسران کا جدید ٹیکنالوجی سے واقف ہونا ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ چار روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکشاپ کا انعقاد پنجاب آئی ٹی بورڈ نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا تھا جس میں 105ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے افسروں نے شرکت کی۔ڈاکٹر عمر سیف نے شرکا ء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ولولہ انگیزقیادت اور راہنمائی میں پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لحاظ سے ملک بھر میں رول ماڈل بن چکا ہے کیونکہ نہ صرف دیگر صوبے بلکہ ممالک بھی ہمارے کامیاب منصوبوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں سندھ حکومت کی درخواست پر پی آئی ٹی بی کی ٹیم نے آئی جی پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کے ساتھ اہم اجلاس کیے ہیں جن میں انہوں نے ہمارے پولیس کے منصوبے سندھ میں رائج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور وفاقی محکمے بھی ہمارے منصوبے اپنا رہے ہیں جبکہ عالمی بینک ہمارا سٹیزن فیڈ بیک مانیٹرنگ سسٹم یورپی ممالک البانیہ اور رومانیہ میں رائج کر رہا ہے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اس وقت پی آئی ٹی بی صوبہ بھر میں236سے زائد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، لایؤسٹاک، زراعت، آبپاشی اور دیگر محکمے شامل ہیں۔ کورس کے شرکا ء نے پی آئی ٹی بی کے منصوبوں کو بے حد سراہا اور تربیتی کورس کو مفید قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :