مغوی بچوں کے خاندانوں کو نفسیاتی خدمات کی فراہمی اور آگاہی مہم جاری

ہلالِ احمر کے زیرِ اہتمام ماہرینِ نفسیات پر مشتمل ٹیمیں متحرک، احتیاطی تدابیر سے متعلق لٹریچر کی تقسیم متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی امداد کی فراہمی کا مقصد ان کی دلجوئی کرنا ہے،ڈاکٹر سعید الہی

پیر 8 اگست 2016 17:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔8 اگست ۔2016ء ) ہلالِ احمر نے مغوی بچوں کے خاندانوں کو نفسیاتی خدمات کی فراہمی شروع کر دی ہے تاکہ ان کی ذہنی اور نفسیاتی حوالے سے مدد کی جا سکے۔ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جا رہاہے۔ ہلالِ احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی کی خصوصی ہدایت پر لاہور کے متاثرہ علاقوں میں ماہرینِ نفسیات پر مشتمل ٹیمیں متاثرہ خاندانوں تک پہنچ رہی ہیں یہ ٹیمیں متاثرہ خاندانوں کی نفسیاتی حوالے سے ہر طرح کی مدد کر رہی ہیں۔

ہلالِ احمر پاکستان کے زیرِ اہتمام آگاہی مہم بھی چلا ئی جارہی ہے جس کے تحت سکولوں، محلوں، ریلوے سٹیشن، لاری اڈوں، تجارتی مراکز، پبلک مقامات پر معلوماتی لٹریچرتقسیم کیے جا رہے ہیں جن پر گمشدگی سے بچاؤ کی احتیاتی تدابیر درج ہیں۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں چئیرمین ہلال احمر پاکستان ڈاکٹر سعید الہی نے دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہلالِ احمر کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کو نفسیاتی امداد کی فراہمی کا مقصد ان کی دلجوئی کرنا ہے۔بچے ہمارا کل ہیں ان کا اغوا دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ۔ہلال احمر اپنی بساط کے مطابق نفسیاتی امداد اور عوام الناس میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :