سویابین کے بیج میں 20سے 22فیصد خوردنی تیل اور 40فیصد پروٹین پائی جاتی

کاشتکار محکمہ کی منظور شدہ زیادہ پیداوار دینے والی قسم فیصل سویا بین کاشت کریں، محکمہ زراعت

پیر 8 اگست 2016 16:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 اگست۔2016ء) سویا بین کا شمار قدیم فصلوں گندم ،چاول اور جو وغیرہ میں ہوتا ہے۔ اپنے بے شمار فوائد کی وجہ سے سویا بین زیادہ اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ سویابین کے بیج میں 20سے 22فیصد خوردنی تیل اور 40فیصد پروٹین پائی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری صلاح الدین ڈائریکٹر روغندار اجناس نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں فارمرز ڈے کے انعقاد کے موقع پر کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ سویابین پھلی دار فصلوں کے گروپ سے تعلق رکھتی ہے جو ہوا کی نائٹروجن کو اپنی جڑوں سے منسلک کھیتوں میں موجود مفید بیکیٹریا کے ذریعے محفوظ کرکے نہ صرف پودے کی ضرورت کو پورا کرتی ہے بلکہ اضافی نائٹروجن کو زمین میں شامل کرکے زمین کی زرخیزی بھی بڑھاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سویابین کی کاشت کے لیے میرا زمین جس میں پانی کا نکاس ہو موزوں ہے۔

زمین کو دو سے تین دفعہ ہل چلا کر اور سہاگہ دے کر تیار کریں انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ کی منظور شدہ زیادہ پیداوار دینے والی قسم فیصل سویا بین کاشت کریں۔ سویا بین کو تر وتر میں کاشت کریں اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30سے 45سینٹی میٹر رکھیں ۔شرح بیج 30سے 35کلوگرام فی ایکڑ رکھیں اور بیج کو پھپھوند کش زہر لگا کر کاشت کریں۔ ا نہوں نے مزید بتایا کہ سویابین کی فصل کے لیے ایک بوری یوریا اور ایک سے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی کھاد استعمال کریں ۔ فاسفورس کی پوری مقدار اور آدھی بوری یوریا بوائی کے وقت اور آدھی بوری یوریا فصل میں پھول آنے پر ڈالیں۔

متعلقہ عنوان :