آخری ٹیسٹ میں حفیظ کی جگہ شان مسعود کو کھلایا جائے، یونس خان کو پرانی تکنیک سے کھیلنا چاہئے، صادق محمد

پیر 8 اگست 2016 15:12

آخری ٹیسٹ میں حفیظ کی جگہ شان مسعود کو کھلایا جائے، یونس خان کو پرانی ..

لاہور۔8 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 اگست۔2016ء)سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں محمد حفیظ کو ڈراپ کرکے شان مسعود کو شامل کیا جانا ضروری ہے۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محمد حفیظ بلاشبہ اچھے بلے باز ہیں لیکن انگلینڈ کے خلاف سیریز میں وہ آؤٹ آف فارم ہیں اس لئے ان کا ٹیم سے ڈراپ کیا جانا ضروری ہے۔

شان مسعود اور سمیع اسلم سے اوپننگ کروائی جانی چاہئے ۔یونس خان نے نیا بیٹنگ سٹائل اپنایا ہے جو کہ کامیاب نہیں ہو سکا اس لئے ان کو نئے بیٹنگ سٹائل کو چھوڑ کر پرانی تکنیک کے ساتھ کھیلنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں شکست کی اہم وجہ انگلش بلے بازوں کا یاسر شاہ کو ناکام کرنا اور بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرکے پاکستانی بلے بازوں کو بے بس کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فیلڈنگ کاشعبہ ہمیشہ کمزور رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ زیادہ ٹرن کرنے والے بولرنہیں ہیں اور وہ ہوا میں گیند تیز کرتے ہیں جس کی وجہ سے بلے بازوں کو مشکلات نہیں پیش آرہیں ۔انکا کہنا ہے کہ محمد عامر کو چاہئے کہ وہ اپنی ورائٹی ان سوئنگ کا استعمال وکٹوں کے اندر کریں ،باہر گیند کرنے سے ایل بی ڈبلیو اور بولڈ ہونے کے چانسز ختم ہوجاتے ہیں اور صرف بلے باز کیچ آؤٹ ہوسکتا ہے ۔

انگلینڈ کے بولر زپاکستانی بلے بازوں کو زیادہ سے زیادہ کھلاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف سیریز میں برتری حاصل ہے اور اس کی کوشش ہوگی کہ اگلے ٹیسٹ کو ڈرا کرنے کے لئے بیٹنگ وکٹیں بنائے ۔پاکستان کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنی چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ آخری ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی جیت کے 35فیصد چانسز ہیں ۔