اسفندیار ولی خان کی کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت

نہتے اور معصوم انسانوں کی جانیں والے دہشتگرد کسی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا ،،اسفندیارولی خان

پیر 8 اگست 2016 14:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 اگست ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کوئٹہ سول ہسپتال میں خود کُش بم دھماکے کی پُرزور مذمت اور واقعے میں بے گناہ اور معصوم افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ بلال اکبر کاسی کا قتل اور دھماکا ایک ہی پلان کا حصہ تھے تاہم وفاقی حکومت دہشت گردی کے باعث ہونے والے بھاری جانی نقصانات کے باوجود ان واقعات پر توجہ نہیں دے رہی ، انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود نیشنل ایکشن پلان پر کوئی عملدرآمد نہیں ہو رہا جس کی وجہ سے مستقبل میں بڑی تباہی کے امکانات نظر آ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں احتجاج کے دوران دھماکا سیکورٹی لیپس ہو سکتا ہے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور مستقبل کی فکر کی جائے کیونکہ مزید تاخیر یا مصلحت انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی صدر نے کہا کہ نہتے اور معصوم انسانوں کی جانیں والے دہشتگرد کسی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں اور ان کے مکروہ چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ،انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہداء کی مغفرت اور اخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔