کوئٹہ دھماکے کیخلاف تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرار داد جمع

دہشت گرد گروہوں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سے سخت کارروائی کی جائے، قرار داد میں مطالبہ

پیر 8 اگست 2016 13:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 اگست ۔2016ء) کوئٹہ ہسپتال میں دھماکے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔۔قرارداد میں دہشت گرد گروہوں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے جمع کرائی جانے والے قرار داد میں کوئٹہ سول ہسپتال میں دھماکے کی مذمت کی گئی ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہوں کو قانون کی گرفت میں لا کر سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ قرار داد میں بلوچستان کے امن پسند شہریوں کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اس کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ دوسری طرف کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعہ میں وکلا کی شہادتوں کی خبر کراچی سمیت سندھ بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ کراچی بار نے سب سے پہلے ردعمل ظاہر کیا اور سٹی کورٹ کے وکلا نے ہڑتال کر دی۔ کراچی بار کے صدر محمود الحسن نے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کی ہے۔