احتساب کے حق میں خیبرپختونخوا میں ریلی نکال کر اپنی ہی صوبائی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے‘

ملک کو ترقی دھرنوں یا احتجاجی ریلیوں سے نہیں دی جاسکتی‘ کشمیریوں کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں‘ 17 اگست کو شہید جنرل ضیاء الحق کی برسی نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق کی پریس کانفرنس

پیر 8 اگست 2016 01:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7اگست۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ احتساب کے حق میں خیبرپختونخوا میں ریلی نکال کر اپنی ہی صوبائی حکومت کیخلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے‘ ملک کو ترقی دھرنوں یا احتجاجی ریلیوں سے نہیں دی جاسکتی‘ کشمیریوں کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں‘ 17 اگست کو شہید جنرل ضیاء الحق کی برسی نہایت عقیدت و احترام کیساتھ منائی جائے گی وہ اتوار کی شام یہاں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تمام تر پالیسیاں ناکامی سے دوچار ہیں‘ وہ پہلے کئی ماہ تک شاہراہ دستور پر دھرنا دے کر دیکھ چکے تھے‘ اب انہوں نے احتساب کے حق میں پشاور سے ریلی نکال کر اپنی ہی صوبائی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے‘ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 7 لاکھ سے زائد بھارتی افواج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں جبکہ ہماری کشمیرکمیٹی اس سلسلے میں حق ادا نہیں کررہی‘ اس کمیٹی کے قیام کا مقصد ہی کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پر آواز اٹھانا ہے مگرابھی تک کوئی آواز نہیں اٹھائی گئی جس پر افسوس ہے‘ وزیراعظم آئندہ ماہ ستمبر میں اقوام متحدہ جارہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ سلامتی کونسل میں بھارتی جارحیت کیخلاف بھرپورآواز اٹھائیں‘ اعجاز الحق نے 17 اگست کو شہید جنرل ضیاء الحق کی برسی بارے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسب روایت امسال بھی شہید کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی‘ فیصل آباد سے ہمیشہ شہید کے چاہنے والوں نے بھرپور شرکت کی ہے اور اس بار بھی کثیر تعداد میں کارکن برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے ‘ اس موقع پر میاں ساجد حسین انجم اورشہباز علی گلزار بھی ان کے ہمراہ تھے۔