قاتل اقتدار کے دن تھوڑے رہ گئے ،تحریک قصاص نتیجہ خیز ہو گی،ڈاکٹر طاہر القادری

5 شہروں میں تاریخی احتجاج نے ثابت کر دیا ،ہمارا کارکن پہلے سے زیادہ پر عزم ہے‘سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو بتانا ہو گا کہ لندن میں کس پیسے سے محلات خریدے گئے ؟ عوامی تحریک کے کارکن پاکستان کا تابناک مستقبل ہیں ،ظلم کے خلاف مزاحمت کی سب سے مضبوط آواز ہیں‘گفتگو

اتوار 7 اگست 2016 20:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7اگست۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ 5 شہروں میں تاریخی احتجاج نے ثابت کر دیا کہ ہمارا کارکن پہلے سے زیادہ پر عزم اور پاکستان کو قاتلوں ،لٹیروں کے چنگل سے نکالنے کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہے،یہی کارکن پاکستان کا تابناک مستقبل اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی توانا آواز ہے ۔

قاتل اقتدا کے دن تھوڑے رہ گئے ،تحریک قصاص و احتساب نتیجہ خیز ہو گی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو خون کے قطرے قطرے کا حساب دینا ہو گا اور انہیں بتانا ہو گا کہ لندن میں کس پیسے سے محلات خریدے گئے ، آل شریف کے پاس قوم کے سوالوں کا جواب نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر فرعون صفت حکمران آخری لمحے تک اپنی کرسی کی مضبوطی کے زعم میں مبتلا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روز مختلف اضلاع کے کارکنان کے وفود سے ملاقات کر رہے تھے ،اس موقع پر خرم نوا زگنڈا پور ،رفیق نجم،جی ایم ملک ،نور اللہ صدیقی،جواد حامد ،راجہ زاہد و دیگر رہنماء موجود تھے ۔،سربراہ عوامی تحریک نے لاہور ،فیصل آباد،گوجرانوالہ،اسلام آباد اور کراچی میں کامیاب احتجاجی ریلیوں اور دھرنوں پر کارکنوں کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ظلم کا خاتمہ ہو گا ،قاتل حکمران سمجھتے تھے کہ وہ اپنی دولت سے سب کچھ خرید سکتے ہیں لیکن عوامی تحریک کے غریب مگر غیرت مند کارکنوں نے ان فرعونوں کی دولت کو پاؤں کی ٹھوکر ما ر دی اور تاریخی احتجاج سے ایک بار پھر انہیں ان کی اوقات یاد دلا دی ۔

انہوں نے کہاکہ ظلم کی رات ڈھلنے والی ہے اور اب آزادی کے مہینے میں قوم کوان لٹیروں سے آزادی ملے گی ۔انہوں نے کہاکہ چند پلیں بنا کر قوم کو ترقی کا دھوکہ نہیں دیا جا سکتا ،ان سڑکوں اور پلوں کا کمیشن انکی جیبوں میں جا رہا ہے ۔ملک سود اور قرضوں کی دلدل میں پھنس چکا ہے ، غریب کو ہسپتالوں میں علاج کی بجائے دھکے ملتے ہیں ۔نسل در نسل مظلوم انصاف سے محروم رہتا ہے ۔

کروڑوں بچے غربت اور سکول نہ ہونے کے باعث گلیوں بازاروں میں رل رہے ہیں اور یہی بچے دہشتگردوں کے ہتھے چڑ کر لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ کھڑا کرتے ہیں۔موجودہ حکمران انتہا پسندی اور کرپشن کو پروان چڑھا رہے ہیں ،قومی ایکشن پلان کو سبو تاژ کر دیا گیا ۔گڈ گورننس اور انتہا پسندی کے خاتمے کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔موجودہ کرپشن کنگز نے عوام کی سماجی زندگیوں میں زہر گول دیا ۔

نوجوان بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں ۔نا اہل سفارشی چٹوں پر اعلی عہدوں پر تعینات ہو رہے ہیں ۔پٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود غریب خاندان اس کے ثمرات سے محروم ہیں ۔18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے زندگی کا پہیہ جام کر دیا ہے، مزدور بغیر مزدوری کے گھرو ں کو لوٹتے ہیں اور انہیں ظالموں کو بد عائیں دے رہے ہیں ۔حکمران اپنا اقتدار بچانے کیلئے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لٹا رہے ہیں،تحریک قصاص جیسے ہی شروع ہوئی ترقیاتی فنڈز کا اجراء شروع ہو گیا ۔

انہوں نے کہاکہ جس طرح 12اکتوبر 1999کے دن ان حکمرانوں کیلئے کوئی باہر نہیں نکلا تھا اب بھی انکے اقتدار کے خاتمے پر کوئی باہر نہیں نکلے گا،16اگست کا احتجاج حکمرانوں کی گرتی دیوار کیلئے ایک بڑا دھکا ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ تحریک قصاص میں ساتھ دینے پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔