کراچی اور اندرون سندھ بارشوں نے تباہی مچا دی‘ خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق

کراچی میں مختلف حادثات میں 15 افراد ‘ٹنڈوالہیار میں کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 3افراد جاں بحق کراچی میں متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کر گئے ‘درجنوں علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے

اتوار 7 اگست 2016 20:30

کراچی/ٹنڈوالہیار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7اگست۔2016ء) کراچی اور اندرون سندھ بارشوں نے تباہی مچا دی‘ خواتین اور بچوں سمیت 18 افراد جاں بحق ‘کراچی میں مختلف حادثات میں 15 افراد ‘ٹنڈوالہیار میں کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 3افراد جاں بحق ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمعرات سے جاری بارش کے دوران شہر قائد کے مختلف علاقوں میں حادثاے کے باعث 15 افراد جاں بحق ہوگئے.حادثات میں دس افراد کرنٹ لگنے سے تین چھتیں گرنے اور دو ڈوب کر ہلاک ہوئے۔

ادھر گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی ٹو میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کردیا گیا،تاہم زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز صبح سے تیز ہونے والی بارش سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا ہے،جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بارش کے بعد بجلی کے فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کے زیادہ تر حصوں میں بجلی غائب ہوگئی،جسے کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بحال نہ کیا جاسکا۔

جبکہ دوس ری جانب سندھ بھر کی طرح ضلع ٹنڈوالہیار میں مون سون کی بارش کے سبب جہاں نشیبی علاقے زیر آب آگئے وہیں بجلی کے کرنٹ لگنے کے سبب مستوئی کالونی میں گھر کی دیوار گرنے کے سبب 3سالہ بچہ راشد جاں بحق اور نصرپور میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 45سالہ خاتون طاہرہ آرائیں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔جبکہ وتایو فقیر کالونی میں بجلی کا کرنٹ لگنے کے سبب نجیب اللہ فوت ہوگئے۔