بس میں سفر کرنے والی عورت کےسامان سے 11سالہ بچہ برآمد

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 7 اگست 2016 03:29

بس میں سفر کرنے والی عورت کےسامان سے 11سالہ بچہ برآمد

ریوڈی جنیرو میں ایک عورت کو اپنے سوٹ کیس میں بچہ بند کر کے سفر کرنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے، بچے کی نشاندہی اس کےہاتھ سے ہوئی، جو سوٹ کیس سے باہر نکلا ہوا تھا۔
پولیس افسران 23سالہ نتاشا ویٹوریانو سوٹو کے سامان میں 11 سالہ بچے کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ نتاشا کے مطابق بچے نے اس سے درخواست کی تھی کہ وہ اسے اپنے ساتھ رکھ لے۔ نتاشا نے بچے کی بات مان لی اور اسے اپنے ساتھ 550 میل دور جنوبی برازیل میں لے جانے کے لیے سوٹ کیس میں بند کر دیا۔

تاہم بس کے ریوڈی جنیرو سے روانہ ہونے سے پہلے ہی اس کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔

(جاری ہے)


پولیس نے جب نتاشا کو عدالت میں پیش کرنا چاہا تو وہ باتھ روم میں چھپ گئی، تاہم بعد میں اس نے بچے کو سوٹ کیس میں رکھنے کا اقرار کر لیا۔
نتاشا نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بچہ اسے گلی میں ملا تھا۔ بچے نے اسے کہا کہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائے۔ بچے نے نتاشا کو یہ بھی بتایا کہ اس کی ماں نشے کی عادی ہے، ایک سال پہلے ایک خاندان نے اسے گود لیا تھا، مگر اب انہوں نے اسے چھوڑ دیا۔
پولیس نے بچے کو اس وقت گارجین کونسل کی نگرانی میں دے دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک نتاشا پر مقدمہ قائم نہیں کیا گیا تاہم بچے کو جھوٹ بول کر اپنا ظاہر کرنے پر اسے ڈھائی سے چھ سال کی قید ہو سکتی ہے۔