پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی مشاورتی اجلا س ، مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون پر زوردیاگیا ، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ 6 اگست 2016 21:27

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 اگست ۔2016ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی مشاورت کے اجلا س کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون پر زور دیاگیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ہفتہ کو پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی مشاورت کا نواں دور تہران میں ہوا۔

سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستانی وفد کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور علاقائی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون پر بھی زور دیا گیا۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے ایران وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ۔ جس میں سیکریٹری خارجہ نے ایرانی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں تجارت ، سیاست اور سیکورٹی سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ زیر بحث شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔