کویت میں سکیورٹی اداروں کی کاروائی ، دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں فلپائنی داعشی خاتون گرفتار

ہفتہ 6 اگست 2016 16:20

کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 اگست۔2016ء)کویت میں سکیورٹی اداروں نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی کے الزام میں فلپائنی داعشی خاتون کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کویتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی ادارے ملزمہ لیناوی فی ازولو پیسکائدا کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزمہ کا پیدائش 1984 ہے اور اس کے پاس فلپائن کی شہریت ہے۔

ملزمہ پر دہشت گرد تنظیم داعش کی بیعت اور ایک دہشت گرد کارروائی کرنے کی تیاری کا الزام ہے۔بیان کے مطابق مجاز سکیورٹی اداروں نے ملزمہ کے زیرانتظام ایک الکٹرونک اکانٹ کا بھی پتہ چلایا ہے۔ یہ خاتون گھریلو خادمہ کے ویزے پر جون میں کویت میں داخل ہوئی اور اس کے بعد لیبیا میں داعش تنظیم کے ساتھ رابطے اور معلومات کے تبادلے کے لیے سرگرم رہی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی اداروں کی کڑی نگرانی سے بچنے کے لیے اس نے مختلف نام اور کنیتوں کا استعمال کیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے واضح ثبوتوں کا سامنا کرنے کے بعد اقرار کیا ہے کہ وہ موقع ملنے اور مطلوبہ وسائل کی دستیابی پر فوری طور کسی بھی دہشت گرد کارروائی کے لیے تیار تھی۔ کارروائی میں کویتی سماج کے ایک مخصوص طبقے کو نشانہ بنایا جانا تھا جس کا مقصد ملک میں امن و امان کو متزلزل کرنا اور فتنہ بھڑکانا تھا۔