امریکہ میں صدارتی انتخابات کیلئے جاری مہم دلچسپ مرحلے میں داخل، ٹرمپ نے پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والد پر تنقید کے بعد اپنی مقبولیت میں کمی اور ریپبلکن پارٹی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردیئے

ہفتہ 6 اگست 2016 15:24

واشنگٹن ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اگست۔2016ء) امریکہ میں صدارتی انتخابات کیلئے جاری مہم دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق میں مرنے والے پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والد پر تنقید کے بعد اپنی مقبولیت میں کمی اور ریپبلکن پارٹی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنا شروع کردیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چند روز قبل عراق میں ہلاک ہونے والے پاکستانی نژاد امریکی فوجی کے والد پر تنقید کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں اپنی حریف ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں کمی آرہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ریپبلکن پارٹی کے اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آرہے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایوان نمائندگان کے سپیکر پال ریان کی دوبارہ انتخاب کیلئے ان کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے ریاست ایریزونا سے سینیٹر جان مکین کا ساتھ دینے کا بھی اعلان کیا۔ وسکانسن میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے اور ہمیں یہ انتخاب جیتنا ہے۔ قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ ایوان نمائندگان کے سپیکر پال ریان کی دوبارہ نامزدگی اور انتخاب کی مخالفت کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :