ترک صدر کا گولن کے کاروباری اداروں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ،فنڈنگ کرنے والوں کے ساتھ بھی باغیوں جیسا سلوک کیاجائیگا،ایردوآن

ہفتہ 6 اگست 2016 14:38

انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اگست ۔2016ء)ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن کے ساتھ روابط رکھنے والے کاروباری اداروں کے خلاف سخت اقدامات کا عزم ظاہر کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اپنے ایک خطاب میں ایردوآن نے کہا کہ گولی چلانے والوں کو پیسہ دینے والے‘ عناصر کے ساتھ بھی باغیوں جیسا ہی سلوک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پچھتر سالہ فتح اللہ گولن نے استنبول کی ایک عدالت کی جانب سے ’باغیوں کو ہدایات جاری کرنے‘ کے الزام میں اپنے خلاف جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ ترک عدلیہ آزاد نہیں ہے اور یہ وارنٹ ایردوآن کے مطلق العنان ہونے کی کوشش کی ایک اور مثال ہے۔ واضح رہے کہ ایردوآن حالیہ ناکام بغاوت کے لیے گولن کو قصور وار قرار دیتے ہیں اور اْن کے اسکولوں، کمپنیوں اور فلاحی اداروں کو ’دہشت گردی کے گڑھ‘ قرار دیتے ہوئے اْنہیں جڑ سے اْکھاڑ پھینکنا چاہتے ہیں۔