ہیرو شیما پر امریکی جوہری حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی برسی منائی گئی

ہفتہ 6 اگست 2016 13:44

ہیرو شیما ۔ 6 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 اگست۔2016ء) جاپان کے شہر ہیرو شیما پر امریکی جوہری حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی برسی ہفتے کو منائی گئی۔ جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گرینیج کے معیاری وقت کے مطابق 23 بج کر 15 منٹ پر گھنٹیاں بجائی گئی۔ یہ وہ وقت تھا جس وقت امریکی جنگی جہاز نے ہیرو شیما پر ایٹم بم گرایا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد لمحوں میں لقمہ اجل بن گئے۔

(جاری ہے)

ہیرو شیما میں منعقدہ اس تقریب میں 50 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں اس حملے میں زندہ بچ جانے والے معمر جاپانی شہری بھی شامل تھے۔ ہیرو شیما کے میئر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کو امریکی صدر براک اوباما کے نقش قدم پر چلنا چاہئے جنہوں نے خود ہیرو شیما کا دورہ کیا۔ جاپان کے وزیراعظم شینزو ایبے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہیرو شیما اور ناگا ساکی کے المناک واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :