ٹرمپ نے ایران کو رقم کی ادائیگی کا دعویٰ واپس لے لیا

جو ویڈیو دیکھی اس میں یرغمالوں کو رہا کیا گیا تھا، پیسے نہیں دیے گئے تھے،امریکی صدارتی امیدوار

ہفتہ 6 اگست 2016 11:38

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اگست ۔2016ء) امریکہ کے صدارتی انتخاب میں رپبلیکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو امریکی ڈالر بطور نقد رقم ادا کیے جانے کی ویڈیو دیکھنے کا دعویٰ واپس لے لیا ہے۔انھوں نے یہ دعویٰ ایک ریلی کے دوران کیا تھا۔ ان کے عملے نے اعتراف کیا کہ یہ دعویٰ غلط تھا لیکن ٹرمپ نے اسی دعوے کو ایک دیگر ریلی کے دوران دہرایا تھا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ رقم اس وقت دی گئی تھی جب کچھ امریکی یرغمالوں کو چھڑوایا گیا تھا لیکن صدر اوباما کا کہنا تھا کہ یہ رقم امریکہ اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق تھی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دعوے کو واپس لیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جو ویڈیو دیکھی تھی اس میں یرغمالوں کو رہا کیا گیا تھا، پیسے نہیں دیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوٴس نے جنوری میں اعلان کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ طے کیے جانے والے جوہری معاہدے کے مطابق دہائیوں پرانے فوجی سامان کے ایک ناکام سودے کے بعد ایران کو کل ملا کر 17 ارب ڈالر دے رہا ہے۔

ایک اخبار کے مطابق ایران میں 40 کروڑ ڈالر نقد رقم اس وقت پہنچائی گئی تھی جس وقت چار امریکی قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا۔ٹرمپ سمیت رپبلیکن پارٹی کے کئی اراکین نے اس منتقلی کے وقت تنقید کی تھی۔صدر اوباما نے نقد رقم اور قیدیوں کے تبادلے کے درمیان کسی بھی تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم یرغمالوں کے لیے تاوان ادا نہیں کرتے۔‘انھوں نے کہا کہ سخت مالی پابندیوں کی وجہ سے انھیں یہ ادائیگی کیش کی صورت میں دینی پڑی تھی۔

اس سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ نے اصرار کیا تھا کہ انھوں نے پیسے دیے جانے کی ویڈیو فوٹیج دیکھی تھی۔لیکن جمعرات کو ان کے عملے نے تسلیم کیا تھا کہ ایسا نہیں ہوا تھا۔عملے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ یرغمالوں کی رہائی کی فوٹیج کا ذکر کر رہے تھے۔لیکن جمعرات کو ہی ٹرمپ نے ایک اور ریلی میں اپنا دعویٰ دہرایا۔پھر گزشتہ روز اپنا دعویٰ بدلتے ہوئے انھوں نے ٹویٹ کیا کہ ’جو طیارہ میں نے ٹی وی پر دیکھا تھا وہ 40 کروڑ ڈالر لے کر ایران جانے والا طیارہ نہیں بلکہ سوئٹزر لینڈ میں یرغمالوں سے بھرا طیارہ تھا!

متعلقہ عنوان :