آزاد کشمیر میں سیاحت انڈسٹری میں تبدیل ہورہی ہے،سردار محمد یعقوب خان

اس میں ریحان خان کی تصویری کتاب کا بھی بڑا کردار ہے ،جس میں لوگوں کو آزاد کشمیر آنے کی ترغیب دی گئی ہے،صدر آزاد کشمیر

جمعہ 5 اگست 2016 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 اگست ۔2016ء) آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحت انڈسٹری میں تبدیل ہورہی ہے رواں موسم کے دوران آزاد کشمیر میں 15 لاکھ سے زائد سیاحوں نے دورہ کیا جس میں ریحان خان کی تصویری کتاب کا بھی بڑا کردار ہے اس تصویری کتاب نے لوگوں کو آزاد کشمیر آنے کی ترغیب دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے بلدیہ عظمی کراچی کے سینئر آفیسر محمد ریحان خان کی آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں پر مشتمل تصویری کتاب " لینڈ اسکیپ آف کشمیر" پر دیئے جانے والے ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ریحان خان کو صدر آزاد کشمیر نے خصوصی ایواڈ اور تعریفی سند سے نوازا۔

تقسیم ایوارڈ کی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا کہ ریحان خان کی کتاب کشمیر اور کشمیریوں کے لئے اعزاز کی بات ہے انہوں نے کشمیر کے لوگوں کے لئے معاشی جہاد کیا ایسی کتابوں اور ایسے افراد کے دوروں سے آزاد کشمیر کی خوبصورت وادیوں کی سیاحت میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔

سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہر حکومت سیاحت کی ترقی کے لئے کام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریحان خان نے جو کام کیا وہ بہت بڑا ہے میں حکومت پاکستان سے سفارش کروں گا کہ کشمیر کی بہترین خدمت کرنے پر ریحان خان کو قومی سول ایوارڈ سے نوازا جائے۔ کشمیر میں آنے والے سیاح یہ کتاب شوق سے دیکھتے ہیں کیونکہ یہ کتاب ہوٹلوں اور گیسٹ ہاوسز میں موجود ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے ہمارے بچوں پر ظلم کیا جا رہا ہے۔

ایسے حالات میں دوستیاں اور کاروبار ضرور کیا جائے مگر مسئلہ کشمیر کو متاثر کر کے نہیں، کشمیر کی آزادی کے لئے اگر ہمارے بزرگوں نے اقوام متحدہ کی ضمانت پر بندوق عارضی طور پر رکھی تھی تو ہم اس کو دوبارہ اٹھانے کا حق بھی رکھتے ہیں اگر اقوام عالم کا یہی رویہ رہا تو کشمیریوں کو مسلح جدوجہد کرنی پڑی تو ہرگز گریز نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر چوہدری عبدالرشید نے ریحان خان کو وادی لیپہ کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہماری اس خوبصورت وادی پر بھی ایک کتاب مرتب کریں، تقریب سے محمد ریحان خان، ممتاز مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی، سردار نزاکت خان ،بشیر سدوزئی اور علی حسن ساجد نے بھی خطاب کیا۔